حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرمِ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے ماہِ صفر کے آخری ایام اور رحلتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے کہا کہ ان دنوں میں سیرتِ نبویؐ کو زیادہ سے زیادہ بیان کیا جانا چاہیے تاکہ معاشرہ آپؐ کی تعلیمات سے بہتر طور پر آشنا ہو سکے۔
انہوں نے سورۂ اعراف کی آیت 157 کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اس آیت میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دس نمایاں خصوصیات بیان کی گئی ہیں۔ آپؐ اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے رسول، خاتم النبیین، تورات و انجیل میں مذکور، نیکی کا حکم دینے والے، برائی سے روکنے والے، پاکیزہ چیزوں کو حلال اور ناپاک چیزوں کو حرام قرار دینے والے، انسانیت کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرنے والے اور سختیوں کو دور کرنے والے ہیں۔
حجۃ الاسلام ناصر رفیعی نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف قرآن کی تلاوت کرنے والے نہیں بلکہ اس کے حقیقی مفسر بھی ہیں، اس لیے آپؐ کے اوامر و نواہی ہی شرعی معروف و منکر کا معیار ہیں۔
انہوں نے یہودی عالم حیّ بن اخطب اور مخیریق کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حق کو جاننے کے باوجود تعصب اور مفاد پرستی انسان کو ہلاکت تک پہنچا دیتی ہے، جبکہ حق کو قبول کر کے اس پر قربانی دینے والا کامیاب ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعثتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایک بڑا مقصد انسانوں کو جہالت، توہمات اور خرافات سے نجات دلانا تھا۔ انہوں نے زائرین پر زور دیا کہ مشکلات کے حل کے لیے خرافات کا سہارا لینے کے بجائے دعا اور اہل بیت علیہم السلام سے توسل اختیار کریں۔









آپ کا تبصرہ